نیک صحبت کی برکات

Naik Suhbat

نیک صحبت کی برکات

آدمی ماحول سے متاثرہوئے بغیر ر ہ نہیں سکتا، اس کو جیسا ماحول ملتا ہے اسی رنگ میں رنگ جاتا ہے۔ اس لیے اچھے ماحول کو اپنائیے، اچھے دوست بنائیے۔ ایسا نہ ہو آپ کا دوست زندگی خراب کرنے کا باعث بن جائے۔ اسکول ، کالج، یونیورسٹی یا دفتر کے برے دوست آپ کو آپ کے والدین یا دین ایمان کے خلاف نہ کردیں۔انسان کے سب سے بہترین دوست اس کے والدین ہیں اور انسان کی بھلائی کے سب سے زیادہ خیر خواہ اللہ اور رسول ہیں۔ اگر کوئی آپ کو ان کے خلاف کرنا چاہے تو سمجھ لیں یہ آپ کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ کسی کی بھلائی اور برائی کو پرکھنے کا یہی سب سے بڑا پیمانہ ہے۔
حدیث پاک ہے آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، تم میں سے ہر شخص دیکھے کہ وہ کس سے دوستی رکھتا ہے۔ اگر کوئی برا شخص آپ کا دوست بن گیا تو بھی ابھی دیر نہیں ہوئی۔ جلد از جلد اس سے چھٹکارا حاصل کیجیے۔ برے دوست کا ساتھ چھوڑ کر اچھے ہم نشینوں کی رفاقت اپنایئے۔ بری صحبت کاسب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ یہ آدمی کا ایمان تک ضائع کردیتی ہے۔
اچھی صحبت اختیار کرنا ایمان اور اعمال صالحہ کی مضبوطی کا ذریعہ ہے۔ بری صحبت ایمان اور اعمال صالحہ کی بربادی کا سبب ہے۔اگر تلاشِ کے باوجود نیک و صالح لوگ نظر نہ آئیں تو بری صحبت سے تنہائی بہتر ہے۔ اور تنہائی میں غلط خیالات سے بچنے کے لیے اللہ کا ذکر کریں،دین کی باتیں سنیں اور دنیا کے بارے میں مفید اور کارآمد کتابیں پڑھ کر دنیا اور آخرت کی کامیابیاں حاصل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں