غسل کا بیان

غسل کا بیان

سوال۔ بڑی نجاستِ حکمیہ یعنی حدثِ اکبر اور جنابت سے بدن پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب۔ حدثِ اکبر یا جنابت سے غسل کرنے سے بدن پاک ہو جاتا ہے۔

سوال۔ غسل کسے کہتے ہیں؟
جواب۔ غسل کے معنی ہیں” نہانا “مگر نہانے کا شریعت میں ایک خاص طریقہ ہے

سوال۔ غسل کا کیا طریقہ ہے؟
جواب۔ غسل کا طریقہ یہ ہے کہ بدن پر کہیں نجاست لگی ہے تو اسے دھو ڈالے۔ پھر تمام بدن پرتھوڑا پانی ڈال کر ہاتھ سے ملے، پھر سارے بدن پر تین مرتبہ پانی بہائے، کلّی کرے، کان کا ظاہری حصہ دھوئے اور ناک میں پانی ڈالے

سوال۔ غسل میں فرض کتنے ہیں؟
جواب۔ غسل میں تین فرض ہیں (۱) کلّی کرنا (۲) ناک میں پانی ڈالنا (۳) تمام بدن پر پانی بہانا۔

سوال۔ غسل میں سنتیں کتنی ہیں؟
جواب۔ غسل میں پانچ سنتیں ہیں: (۱) دونوں ہاتھ گٹّوں تک دھونا (۲) استنجا کرنا اور جس جگہ بدن پر نجاست لگی ہو اسے دھونا (۳) ناپاکی دور کرنے کی نیّت کرنا (۴) پہلے وضو کر لینا (۵) تمام بدن پر پانی تین مرتبہ بہانا

سوال۔ وضو اور غسل دونوں میں موزوں پر مسح جائز ہے یا نہیں؟
جواب۔ وضو میں موزوں کا مسح جائز ہے غسل میں جائز نہیں

سوال۔ مسح کس طرح کرے؟
جواب۔ ہاتھ کی انگلیاں پانی سے بھگو کر تین انگلیاں پاؤں کے پنجے پر رکھ کر اوپر کی طرف کھینچے انگلیاں پوری رکھے صرف ان کے سرے رکھنا کافی نہیں

سوال۔ غسل کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب۔ تین قسمیں ہیں: (۱) فرض (۲) سنت (۳۱) مستحب۔

سوال۔ غسلِ سنّت کتنے ہیں او رکون کون سے ہیں؟
جواب۔ چار ہیں اور وہ چاروں یہ ہیں:
(۱) جمعہ کی نمازکے لئے غسل کرنا (۲) دونوں عیدوں کی نماز کے لئے غسل کرنا (۳) حج کا احرام باندھنے سے پہلے غسل کرنا (۴) عرفات میں وقوف کرنے کے لئے غسل کرنا

سوال۔غسل مستحب کتنے ہیں اور کون کون سے ہیں؟
جواب۔ غسل مستحب بہت ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:
(۱) شعبان کے مہینے کی پندرھویں رات میں جسے شب برات کہتے ہیں غسل کرنا (۲) عرفہ کی رات میں غسل کرنا یعنی ذی الحجہ کی آٹھویں تاریخ کی شام کے بعد آنے والی رات میں (۳) سورج گرہن، چاند گرہن کی نماز کے لئے غسل کرنا (۴) نماز استسقاء کے لئے غسل کرنا (۵) مکہ معظمہ یا مدینہ منورہ میں داخل ہونے کے لئے غسل کرنا (۶) میت کو غسل دینے کے بعد غسل دینے والے کا غسل کر لینا (۷) کافر کا اسلام لانے کے بعد غسل کرنا

سوال۔ اگر غسل کی حاجت ہو اور دریا میں غوطہ لگالے یا بارش میں کھڑا ہو جائے اور تمام بد پر پانی بہہ جائے تو غسل ادا ہو جائے گا یا نہیں؟
جواب۔ ہاں ادا ہو جائے گا بشرطیکہ کلّی کرے اور ناک میں پانی ڈالے

سوال۔ غسل کی حالت میں قبلہ کی طرف منہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟
جواب۔ اگر غسل کے وقت بدن ننگا ہو تو قبلہ کی طرف منہ کرنا نا جائز ہے اور ستر چھپا ہوا ہو تو کوئی مضائقہ نہیں

سوال۔ ستر کھول کر غسل کرنا کیسا ہے؟
جواب۔ غسل خانہ میں یا کسی ایسے مقام پر جہاں دوسرے آدمی کی نگاہ اس کے ستر پر نہ پڑے ننگے بدن نہانا جائز ہے

سوال۔ غسل میں مکروہ کتنے ہیں؟
جواب۔ (۱) پانی زیادہ بہانا (۲) ستر کھلا ہونے کی حالت میں کلام کرنا یا قبلے کی طرف منہ کرنا (۳) سنت کے خلاف غسل کرنا

سوال۔ اگر غسل سے پہلے وضو نہ کیا تو غسل کے بعد نماز کے لئے وضو کرنا ضروری ہے یا نہیں؟
جواب۔ غسل کے اندر وضو بھی ہو گیا ۔ پھر وضو کرنے کی حاجت نہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں