ڈرائیونگ

ڈرائیونگ

ڈرائیونگ احتیاط سے کریں

ڈرائیونگ علم و ہنر کا نام ہے۔گاڑی چلانا آسان ہےمگر اس کو کنٹرول میں رکھ کر دوسروں کا خیال رکھنامشکل کام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جان لیوا حادثات کی سب سے بڑی وجہ’’عدم توجہ ‘‘اور ’’تیز رفتاری ‘‘ہے۔ دوسروں سے پہلے نکلنے کی دھن تیز رفتاری کا باعث بنتی ہے۔ تیز رفتار ڈرائیور خود بھی جان سے ہاتھ دھوتے ہیں اور اپنے خاندان کو بھی صدمہ سے دوچار کرتے ہیں۔ یہ سوچ کر اندھا دھند گاڑی نہ بھگائیں کہ آپ نے مخصوص وقت پر کہیں پہنچنا ہے کیوں کہ یہی سوچ حادثات کاسب سے زیادہ سبب بنتی ہیں ۔رفتار زیادہ ہونے کا ایک نقصان اور بھی ہے۔ پچپن میل فی گھنٹہ یعنی اٹھاسی کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تیز گاڑی چلانے کی صورت میں زیادہ تیل خرچ ہوتا ہے۔ لہٰذا گاڑی کی رفتار اٹھاسی کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھنے پر ایندھن کی نمایاں بچت ممکن ہے ۔محفوظ سفر اور ایندھن کی بچت کے لیے ضروری ہے کہ تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے۔امید ہے آپ آئندہ مناسب رفتار سے گاڑی چلائیں گے۔ٹریفک حادثات کا ساٹھ فیصد سبب موبائل فون بنتا ہے۔ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے کسی نوجوان کا دماغ بھی ایمرجنسی کی صورت میں ستّر سالہ بوڑھے آدمی کے برابر ہو جاتا ہے۔اسی لیے فون پر مصروف ہونے والے لوگ بروقت بریک نہیں لگا پاتے۔ یہ صورتِ حال حادثات کا سبب بن جاتی ہے۔ کسی گاڑی کے پیچھے سے اچانک اوور ٹیک کرنا بھی حادثات کا ایک بڑا سبب ہے۔ سفر کے دوران گاڑی کی رفتار لین کے مطابق رکھیں۔خاص طور پر ایسی شاہراہوں پہ جہاں بیک وقت کئی لینز پر ٹریفک کی آمد و رفت ہو۔ سفر سے پہلے تسلی کرلیں کہ آپ کی گاڑی سڑک پر چلنے کے قابل ہیں۔ آپ کی جسمانی حالت آپ کی ڈرائیونگ کو متاثر کر سکتی ہے۔ اگر آپ بیمار یا تھکے ہوئے ہوں تو گاڑی نہ چلائیں۔ اونگھ آنے سے کبھی بھی حادثہ ہوسکتا ہے۔
دوائی یا نشہ آور شے کے استعمال کے بعد آپ پر لازم ہے کہ ڈرائیونگ نہ کریں۔ اگر کسی ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائی استعمال کی گئی ہو تو ڈاکٹر کی رائے لے لیں کہ آیا اس دوائی کو استعمال کرکے ڈرائیونگ کرنا محفوظ ہوگا یا نہیں۔ اسی طرح کسی بیماری میں مبتلا ہونے یا زخمی ہونے کی وجہ سے محتاط طریقے سے ڈرائیونگ کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ زیادہ عمر والے بزرگ افراد بھی ڈرائیونگ سے پرہیز کریں۔ دورانِ ڈرائیونگ بتیوں اور بریکوں کا خاص دھیان رکھیں۔ رات کے اوقات میں سڑکوں پر گاڑیاں پارک کریں تو پارکنگ لائٹ کا استعمال ضرور کریں۔ تاکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں آپ کی گاڑی کو واضح طور پر دیکھ سکیں۔
موٹر سائیکل والے کسی گاڑی کے پیچھے سے اچانک سامنے نہ آئیں۔خصوصاً رات کے وقت ہیڈ لائٹ ضرور جلائیں۔اندھی موٹر سائیکل والے دوسروں کو بھی نشانہ بناتے ہیں اور خود بھی حادثے کا شکار ہوتے ہیں۔
موٹر سائیکل سوار چین کور لازمی لگائیں۔ چین کور نہ ہونے کی صورت میں خواتین کا لباس چلتے ہوئے پہیے میں پھنس جاتا ہے اور گلا گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔
گاڑی چلاتے وقت ہینڈز فری کا استعمال بھی حادثے کا باعث بنتا ہے۔ بعض اوقات دوسری گاڑی کا ہارن یا کسی آدمی کی آواز نہ سن سکنے کے باعث ڈرائیور بڑے حادثہ کا شکار ہوجاتا ہے۔
ڈرائیونگ کا مقصد منزل مقصود تک راحت و آسانی کے ساتھ سفر طے کرنے کا نام ہے۔

محفوظ سفرکو ذرا سی لاپرواہی کے باعث آخرت کا سفر نہ بنائیے!!!

اپنا تبصرہ بھیجیں