اسلامی عقائد (سوال و جواب)

islami aqaid sawal o jawab

اسلامی عقائد (سوال و جواب)

سوال۔ اسلام کی بنیاد کتنی چیزوں پر ہے؟
جواب۔ اِسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے (۱) کلمئہ طیّبہ یا کلمئہ شہادت کے مطلب کو دل سے ماننا اور زبان سے اقرار کرنا (۲) نماز پڑھنا (۳) زکوٰة دینا (۴) رمضان شریف کے روزے رکھنا (۵) حج کرنا

سوال۔ کلمئہ طیّبہ کیا ہے اور اس کے معنی کیا ہیں؟
جواب۔ کلمئہ طیّبہ یہ ہے:
لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ الرَّسُوْلُ اللّٰہِ
ترجمہ: اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی اور عبادت کے لائق نہیں اور حضرت محمّد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بھیجے ہوئے رسول ہیں

سوال۔ کلمئہ شہادت کیا ہے اور اس کے معنیٰ کیا ہیں؟
جواب۔ کلمئہ شہادت یہ ہے:
اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہ‘ وَ رَسُوْلُہ‘
ترجمہ: گواہی دیتا ہوں میں اس بات کی کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے اور گواہی دیتا ہوں اس بات کی کہ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے بندے اور رسول ہیں

سوال۔ کیا بغیر معنیٰ اورمطلب سمجھے ہوئے صرف زبان سے کلمہ پڑھ لینے سے آدمی مسلمان ہو جاتا ہے؟
جواب۔ نہیں، بلکہ معنیٰ سمجھ کر دل سے یقین کرنا اور زبان سے اقرار کرنا ضروری ہے

سوال۔ دل سے یقین اور زبان سے اقرار کرنے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب۔ ایمان لانا کہتے ہیں

سوال۔ گونگا آدمی زبان سے اقرار نہیں کرسکتا تو اس کا ایمان لانا کیسے معلوم ہوگا؟
جواب۔ اُس کے لئے قدرتی مجبوری کی وجہ سے اشارہ کر دینا کافی سمجھا جائے گا یعنی وہ اشارے سے یہ ظاہر کردے کہ اللہ تعالیٰ ایک ہے اور محمّد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے پیغمبر ہیں

سوال۔ مسلمانوں کے مذہب کا نام کیا ہے؟
جواب۔ اسلام.

سوال۔ اسلام کو ماننے والوں کو کیا کہتے ہیں؟
جواب۔ مسلمان

سوال۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات کیا ہیں؟
جواب۔ اللہ ایک ہے۔ بندگی کے لائق وہی ہے۔ محمّد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے بندے اور رسول ہیں۔ قرآن شریف اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے۔ اسلام سچّا دین ہے۔ دنیا اور آخرت کی تمام بھلائیاں اور نیک باتیں اسلام سکھاتا ہے

سوال۔ ایمان مجمل کیا ہے؟
جواب۔ ایمانِ مجمل یہ ہے:
اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ کَمَا ھُوَ بِاَسْمَائِہ، وَ صِفَاتِہ، وَ قَبِلْتُ جَمِیْعَ اَحْکَامِہ اِقْرَارٌبِاللِّسانِ وَتَصْدِیْقٌ بِالْقَلْب
ترجمہ: ایمان لایا میں اللہ پر جیسا کہ وہ اپنے ناموں اور صفتوں کے ساتھ ہے اور میں نے اس کے تمام احکام قبول کیے زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق کرتے ہوئے

سوال۔ ایمانِ مفصّل کیا ہے؟
جواب۔ ایمانِ مفصَّل یہ ہے:
اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ وَ مَلٰٓئِکَتِہ، وَ کُتُبِہ، وَ رُسُلِہ، وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ، وَ الْقَدْرِ خَیْرِہ و شَرِّہ، مِنَ اللّٰہِ تَعَالیٰ وَالْبَعْثِ بَعْدَ الْمَوْتِ
ترجمہ: ایمان لایا میں اللہ پر اور اس کے فرشتوں پر اور اس کی کتابوں پر اور اس کے رسولوں پر اور قیامت کے دن پر اور اس پر کہ اچھی اور بری تقدیر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے اور موت کے بعد اٹھائے جانے پر۔

سوال۔ تمہیں کس نے پیدا کیا ہے؟
جواب۔ ہمیں اور ہمارے ماں باپ اور آسمانوں اور زمینوں کی تمام مخلوق کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے

سوال۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کو کس چیز سے پیدا کیا ہے؟
جواب۔ اپنی قدرت اور اپنے حکم سے پیدا کیا ہے

سوال۔ جو لوگ اللہ تعالیٰ کو نہیں مانتے انہیں کیا کہتے ہیں؟
جواب۔ انہیں کافر کہتے ہیں

سوال۔ جو لوگ اللہ تعالیٰ کے سوا اور چیزوں کی پوجا کرتے ہیں یا دو تین اللہ مانتے ہیں انہیں کیا کہتے ہیں؟
جواب۔ ایسے لوگوں کو کافر اور مشرک کہتے ہیں

سوال۔ کیا کافر اور مشرک بخشے جائیں گے یا نہیں؟
جواب۔ کافر اور مشرک کی بخشش نہیں ہو گی۔ وہ ہمیشہ تکلیف اورعذاب میں رہیں گے

سوال۔ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کون تھے؟
جواب۔ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے بندے اور اس کے رسول اور پیغمبر تھے۔ ہم ان کی امّت میں ہیں

سوال۔ ہمارے پیغمبر حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کہاں پیدا ہوئے تھے؟
جواب۔ عرب کے شہر مکّہ معظّمہ میں پیدا ہوئے

سوال۔ آپ کے والد اور دادا کا کیا نام تھا؟
جواب۔ آپ کے والد ماجد کا نام عبد اللہ اور آپ کے دادا کا نام عبدالمطلب تھا

سوال۔ ہمارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم دوسرے پیغمبروں سے مرتبے میں بڑے ہیں یا چھوٹے؟
جواب۔ ہمارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم مرتبے میں سب پغمبروں سے اعلیٰ ہیں

سوال۔ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم تمام عمر کہاں رہے؟
جواب۔ تریپن (۵۳) سال کی عمر تک اپنے شہر مکّہ معظمہ میں رہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے حکم سے مدینہ منوّرہ چلے گئے اور دس (۱۰) سال وہاں رہے پھر تریسٹھ (۶۳) سال کی عمر میں وفات پائی

سوال۔ اگر کوئی شخص حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کونہ مانے وہ کیسا ہے؟
جواب۔ جو شخص حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کا رسول نہ مانے وہ کافر ہے

سوال۔ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کو ماننے کا کیا مطلب ہے؟
جواب۔ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کو ماننے کا یہ مطلب ہے کہ آپ کو اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا پیغمبر مانے اور اللہ تعالیٰ کے بعد ساری مخلوق سے آپ کو افضل سمجھے اور آپ سے محبت رکھے اور آپ کے حکموں کی تابعداری کرے

سوال۔ یہ کیسے معلوم ہوا کہ حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے پیغمبر ہیں؟
جواب۔ انہوں نے ایسے اچّھے کام کئے اور ایسی ایسی باتیں دکھائیں اور بتائیں جو پیغمبروں کے سوا اور کوئی شخص نہیں دکھا سکتا

سوال۔ یہ کیسے معلوم ہوا کہ قرآن شریف اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے؟
جواب۔ حضرت محمّد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر نازل کی ہے یعنی اتاری ہے

سوال۔ قرآن مجید حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم پر پورا ایک مرتبہ اترا یا تھوڑا تھوڑا؟
جواب۔ تھوڑا تھوڑا نازل ہوا۔ کبھی ایک آیت کبھی دو چار آیتیں کبھی ایک سورت جیسی ضرورت ہوتی گئی اترتا گیا

سوال۔ کتنے دنوں میں پورا قرآن مجید نازل ہوا؟
جواب۔ تیئیس۲۳ سال میں

سوال۔ قرآن مجید کس طرح نازل ہوتا تھا؟
جواب۔ حضرت جبرئیل علیہ السلام آکرآپ کو آیت یا سورت سنا دیتے تھے۔ آپ سن کر یاد کرلیتے تھے اور کسی لکھنے والے کو بلا کر لکھوا دیتے تھے

سوال۔ آپ خود کیوں نہیں لکھ لیتے تھے؟
جواب۔ اس لئے کہ آپ اُمّی تھے

سوال۔ اُمّی کسے کہتے ہیں؟
جواب۔ جس نے کسی سے لکھنا پڑھنا نہ سیکھا ہو اسے اُمّی کہتے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا دنیا میں کوئی استاد نہیں تھا، آپ نے براہ راست اللہ تعالیٰ سے علم حاصل کیا تھا

سوال۔ حضرت جبرئیل علیہ السّلام کون ہیں؟
جواب۔ فرشتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم پیغمبروں کے پاس لاتے ہیں

سوال۔ اسلامی اعمال سے کیا مراد ہے؟
جواب۔ جن پانچ چیزوں پر اسلام کی بنیاد ہے، ان میں سے پہلی بات کوایمان کہتے ہیں۔ باقی چار چیزوں یعنی نماز، زکوٰة، روزہ، رمضان، حجّ بیت اللہ کو اسلامی اعمال کہتے ہیں

سوال۔ مسلمان اللہ تعالیٰ کی بندگی کیسے کرتے ہیں؟
جواب۔ نماز پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، مال کی زکوٰة دیتے ہیں، حج کرتے ہیں

سوال۔ نماز پڑھنے سے پہلے کن چیزوں کی ضرورت ہے؟
جواب۔ نماز پڑھنے سے پہلے سات چیزوں کی ضرورت ہے جن کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔ ان چیزوں کو شرائط نماز اور فرض کہتے ہیں

سوال۔ وہ سات چیزیں جو نماز سے پہلے ضروری ہیں کیا ہیں؟
جواب۔ (۱) بدن کا پاک ہونا (۲) کپڑوں کا پاک ہونا (۳) جگہ کا پاک ہونا (۴) ستر کا چھپانا (۵) نماز کا وقت ہونا (۶) قبلہ کی طرف منہ کرنا (۷) نیّت کرنا

سوال۔ بدن کے پاک ہونے سے کیا مراد ہے؟
جواب۔ بدن کے پاک ہونے سے یہ مراد ہے کہ بدن پر کسی قسم کی نجاست یعنی گندگی نہ ہو

اپنا تبصرہ بھیجیں